بھٹکل:6؍مارچ(ایس اؤ نیوز)ریاستی وزیر اعلیٰ یڈیورپا کی طرف سے ریاستی اسمبلی میں پیش کردہ رواں سال کے بجٹ میں تعلقہ کے الویکوڑی اور تنگنگنڈی بندرگاہوں پر کیچڑ ،ریت وغیرہ نکالنے کے لئے 5کروڑ روپئے مختص کئے جانے سے مقامی ماہی گیروں کو تھوڑی سی راحت ملنے کی بات کہی جارہی ہے۔
بھٹکل کے تنگنگنڈی اور الویکوڑی علاقےکے بندرگاہوں پر گزشتہ چار پانچ دہوں سے ماہی گیری ہوتی رہی ہے، قریب 75فرشین ماہی گیر بوٹ یہیں پر لنگر ڈالے اپنا کاروبار کرتےہیں اور ہزاروں لوگوں کی زندگی اسی پر منحصر ہے۔ ایک اندازے کے مطابق 40کروڑ روپئے اور 35کروڑ روپیوں کی لاگت سے دونوں مقامات پر بندرگاہ کی تعمیر بھی کی گئی ہے اس کے باوجود یہاں کے ماہی گیروں کی مشکلات دور نہیں ہوئی۔ بندرگاہ پر کیچڑ، ریت وغیرہ جمع ہونے کے نتیجےمیں سمندر کے اترنے پر ماہی گیروں کو اپنی کشتیاں کنارے لگانا ممکن نہیں ہو پا رہا تھااور ماہی گیر وں کو اپنی کشتیاں کنارے لگانے کی بڑی فکر تھی۔ بعض دفعہ کشتیوں کو کنارے لگانے میں انسانی جانوں کو بھی کھونے کےواقعات پیش آئے ہیں۔ ان حالات میں ریاستی وزیراعلیٰ نے 5کروڑ روپئے مختص کرتےہوئے بندرگاہوں کو کیچڑ اور گدلے سے پاک کرنے کااعلان کیا ہے تو ماہی گیر کچھ حد تک اطمینان کی سانس لے رہے ہیں کہ چلئے کم ازکم ہماری کشتیاں کنارے تو لگیں گی۔
